خدمتِ انسانیت کا عظیم مشن — میرپور میں فری کڈنی ڈائیلاسز سینٹر عوامی خدمت کی ایک روشن مثال
لفٹیننٹ جنرل (ر) شیرافگن خان ہلال امتیاز ملٹری کا خصوصی دورہ، انجمن فلاح و بہبود انسانیت میرپور کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین

ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں قائم فری کڈنی ڈائیلاسز سنٹر اپنی نوعیت کا ایک مثالی، انسان دوست اور فلاحی منصوبہ ہے جو مستحق مریضوں کو مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ لفٹیننٹ جنرل (ر) راجہ شیرافگن خان ہلال امتیاز ملٹری نے سینٹر کا خصوصی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی خدمات، نظم و نسق، اور مریضوں کی نگہداشت پر گہری مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے انجمن فلاح و بہبود انسانیت میرپور کے صدر ڈاکٹر طاہر محمود اور اُن کی پوری ٹیم کو عوامی خدمت کے اس اعلیٰ مشن پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:
“خدمتِ انسانیت ہی اصل عظمت ہے۔ انجمن فلاح و بہبود انسانیت میرپور جس خلوص، جذبے اور تسلسل سے عوامی خدمت کا کام سرانجام دے رہی ہے، وہ قابلِ تحسین اور قابلِ تقلید ہے۔ ہم اس مشن میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔”
دورے کے دوران جنرل راجہ شیرافگن خان نے ڈائیلاسز سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی جدید سہولیات کے معیار کو سراہا۔

ڈاکٹر طاہر محمود نے معزز مہمان کو ادارے کے مختلف منصوبوں، خصوصاً فری ڈائیلاسز سنٹر کے قیام، اس کے مقاصد اور مستقبل کی توسیعی منصوبہ بندی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات کے موقع پر کرنل (ر) راجہ طاہر نجیب، مہر علی (ڈپٹی سرویئر جنرل، سروے آف پاکستان)، سابق ایڈمن آفیسر ایم ڈی اے راجہ کلیم اللہ خان، معروف سینئر صحافی راجہ حبیب اللہ، چوہدری محمد شکیل، عائشہ ملک، ایڈمن آفیسرز جہانگیر مغل و منیر الماجد عبد اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
اختتام پر ڈاکٹر طاہر محمود نے جنرل راجہ شیرافگن خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ:
“انجمن فلاح و بہبود انسانیت میرپور کا مقصد صرف علاج معالجہ فراہم کرنا نہیں بلکہ خدمتِ انسانیت کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ ہم اسی عزم کے ساتھ اپنے فلاحی منصوبے جاری رکھے ہوئے ہیں۔”
یہ دورہ نہ صرف انجمن کی خدمات کے اعتراف کا مظہر تھا بلکہ میرپور میں فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک نئے عزم اور حوصلے کی بنیاد ثابت ہوا۔











